
جامع مسجد آمنہ میں بہ یک وقت تقریباً دوہزار افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔ مسجد کی عمارت انتہائی پرشکوہ اور تمام جملہ ضروریات سے آراستہ ہے۔ یہ مسجد اہل محلہ کے لئے مرکز کی حیثیت رکھتی ہے جہاں عوام الناس کوبنیادی دینی تعلیم سےآراستہ کیا جاتا ہے اور اہل علم حضرات کے بیانات بھی اصلاح کا باعث بنتے ہیں۔

شہر کی لائبریری میں عموماً لٹریچر یا مغرب زدہ مصنفین کی کتب پائی جاتی ہیں جن کو پڑھ کر عام طبقہ بے دینی میں مزید ترقی کرتا ہے۔ اس لئے ایسی لائبریری کی اشد ضرورت تھی جس میں معتبر اہل علم کی مستند کتب مہیا کی جائیں جن سے عامۃ المسلمین اور خصوصاً اہل علاقہ کے عقائد واعمال کی اصلاح ہو اور انہیں دین کے بارے میں بنیادی اور مفید معلومات بہ آسانی میسرآسکیں۔ الحمدللہ ادارے نے اس ضرورت کو پورا کرتے ہوئے بہت ہی شاندار لائبریری قائم کی ہے جس میں تفاسیر احادیث، فقہ، تاریخ، سیرت اور دیگر اسلامی موضوعات پرمشتمل کتابیں مہیا کی گئی ہیں۔

ادارے میں حفظ کرنے والے طلبہ کو عرب قراء کے لہجوں میں قرآن کی ادائیگی کے لئے خصوصی تربیت دینے کے لئے ایک آڈیوریکارڈنگ لیب قائم کی گئی ہے۔ اس میں جدید آلات اور ذرائع کو استعمال کرکے طلبہ کی قراءۃ کرنے کی صلاحیت کو نکھارا جاتا ہے۔

اکیسویں صدی کو اگر کمپیوٹرکی صدی کہاجائے تو بے جانہ ہوگا۔آج کے دور میں کمپیوٹراور اس کے علوم کی اہمیت کا انکار ممکن نہیں ہے زندگی کے ہر ہرشعبے میں کمپیوٹر کا استعمال کیا جارہاہے۔حکومت پاکستان نے بھی اس کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے اسے ایک باقاعدہ مضمون کی حیثیت سے اپنے تعلیمی نصاب میں شامل کیاہے اور پرائمری سے لے کر ماسٹرلیول تک اس کی تدریس کا باقاعدہ انتظام کیا ہے۔میٹرک سائنس کے طلبہ کے لئے بھی کمپیوٹرسائنس کے مضمون کو اختیاری مضمون قراردیاگیاہے اور اس بات کا مشاہدہ کیاگیا ہے کہ طلبہ کی کثیرتعداد اس مضمون کا انتخاب کرتی ہے۔اس بناء پر ادارے نے ایک جدید کمپیوٹرلیب کا انتظام کیا ہے جو تمام ضروریات سے آراستہ ہے اور اپنی مثال آپ کی مصداق ہے۔اس کشادہ ایئرکنڈیشنڈلیب میں طلبہ مختلف گروپس کی صوررت میں آکر تجربہ کار اساتذہ کی زیرنگرانی نصاب کی عملی مشق کرتے ہیں۔

تجربہ گاہیں سائنس گروپ سے میٹرک کا امتحان دینے والے طلبہ کی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہیں۔الحمدللہ ا دارے میں قائم سائنس لیبارٹری طلبہ کی اس ضرورت کو بطوراحسن پورا کررہی ہے۔یہ تجربہ گاہ(لیبارٹری)بیالوجی یعنی حیاتیات، کیمسٹری یعنی کیمیا اور فزکس یعنی طبیعیات کے تجربات کی تمام جملہ ضروریات سے آراستہ ہے۔تجربہ کار اساتذہ کی نگرانی میں طلبہ کو تمام تجربات کی مشق کرائی جاتی ہے۔طلبہ مختلف گروپس کی صورت میں آکراس لیبارٹری سے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔الحمدللہ ایسی ہی ایک تجربہ گاہ طالبات کے ہائی اسکول میں بھی موجود ہے۔۔

حفظ قرآن مجید کے دوران طالب علم کے لئےیکسوئی اور توجہ کی انتہائی ضرورت ہوتی ہے اس سلسلے میں بچوں کو سبق یادکرانے کے لئے یا تو والدین کو رات کے اوقات میں پابندی سے محنت کرانی ہوتی ہے یا پھر طالب علم کی رہائش مدرسہ میں مفید سمجھی جاتی ہے۔احباب اور مخلصین کے بے حد اصرار پر ادارہ معارف القرآن نے حفظ کرنے والے کم سن طلباء کے لئے رہائشی داخلے کا اجراء شروع کردیا اس سلسلے میں ادارہ میں فی الحال محدود طلباء کی رہائش کے لئے دارالاقامہ کا بندوبست کیاگیا ہے۔ضرورت کو مدنظررکھتے ہوئے اس سلسلے میں مزید اضافہ بھی کیاجائے گا۔دارالاقامہ میں رہائشی طلبہ کے لیے پورے دن کا نظام الاوقات وضع ہے۔اس پرعمل درآمد کے لیے نگران مقررکئے گئے ہیں اور اس پر حتی الامکان عمل کرانے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ بچوں کی زندگیوں میں نظم وضبط پیدا ہو۔

مدارس میں مطبخ کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتاہے۔کیونکہ خوراک انسانی ضروریات میں سے ایک اہم بنیادی ضرورت تصور کی جاتی ہے اس لئےاس کا منظم انتظام نہایت اہمیت کا حامل ہوتاہے۔اگر طلبہ اور اساتذہ کی توجہ کھانے پینےکی اشیاء کی فراہمی و انتظام میں لگ جائے تو تعلیمی عمل اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکتا۔اس ضرورت کے پیش نظر ادارے میں ایک صاف ستھرا معیاری مطبخ قائم کیاگیا ہے جہاں اساتذہ ورہائشی طلبہ کے لئے تینوں وقت کے کھانے کا انتظام موجود ہے۔ مطبخ کے لئے ایک مستعد عملہ مامور کیاگیا ہے جو ان طلبہ کی خدمت کو اپنے لئے سعادت سمجھتا ہے اور نہایت تندہی سے سارے امورانجام دیتاہے۔مطبخ میں بالعموم دال، سبزی، بکرے اور مرغی کا گوشت مختلف دنوں کی ترتیب سے پکایاجاتاہے پکانے کے عمل میں حفظان صحت کے اصولوں کو خصوصی طور سے ملحوظ رکھاجاتاہے۔

ملک میں بجلی کے بحران کے باعث بیشتر تعلیمی اداروں اور طلبہ کاناقابل تلافی نقصان ہوا۔ بحران کے تسلسل کی وجہ سے ادارے نے ایک بڑے جنریٹر پلانٹ جس کی قوت75کے وی اے ہے کا انتظام کیا ہے۔جنریٹربیک وقت ادارے کی بجلی کی تمام جملہ ضرو ریات پورا کرنے کی صلاحیت رکھتاہے۔ الحمدللہ اس سہولت کی وجہ سے تعلیمی اورانتظامی امور بلا کسی تعطل کے انجام پارہے ہیں بالخصوص ادارے کے رہائشی طلبہ کے لئے یہ ایک نعمت عظیمہ سے کم نہیں ہے۔

دورجدید میں انٹرنیٹ کی اہمیت کسی سے پوشیدہ نہیں معلومات کے تبادلے کے لئے اس کا استعمال بہت زیادہ ہے دنیا کے ہرنامورتعلیمی ادارے نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا اور ترقی کی منازل طے کیں اس ضرورت کے پیش نظرادارے نے ایک ویب سائٹ ترتیب دی جس کے ذریعے طلباء اور ان کے سرپرست ادارے کے شب و روز کے حالات سے مطلع رہیں گے۔ویب سائٹ میں ادارے کا مکمل تعارف اغراض ومقاصد امتحانات کے نتائج اور دیگر بہت سے امورپرمفید معلومات ہیں۔




