اسکول کی ابتدائی عصری تعلیم ہربچے کابنیادی حق ہے اور تعلیم کا معیاری ہونا انتہائی ضروری ہے، ادارے نے اس ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے مقاصدمیں بچوں کے اسکول کی تعلیم کو شامل کیا جو شہر کے معروف انگلش میڈیم اسکولوں کے معیار سےبہتر ہو۔ مزیدبرآں دینی واخلاقی تربیت پربھی ایسی بھرپور توجہ دی جائے کہ طالب علم معاشرہ میں اپنے کردارگفتار اوراخلاق کے اعتبار سے نمایاں مقام حاصل کرسکے۔حفاظ طلبہ کی عصری تعلیم کے لئے کوئی مستقل نظام تعلیم موجود نہیں اور ایسے طلبہ حفظ میں مشغول ہونے کی وجہ سےاسکول کی ابتدائی تعلیم بھی حاصل نہیں کرپاتے۔ حفظ سے فراغت کے بعد وہ اپنی عمر کی وجہ سے ابتدائی کلاسوں میں داخلے کے اہل نہیں ہوتے۔ان وجوہات کی بناء پر یہ ہونہاراور ذہین طلبہ عصری علوم کی تحصیل کے لئے انتہائی مشکلات کاشکار ہوجاتے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ادارہ نے دینی وعصری علوم میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے پانچ سالہ کورس مرتب کیا ہے جس میں میٹرک تک انگلش میڈیم عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ علوم دینیہ میں درجہ اولٰی تک کی باقاعدہ تعلیم دی جاتی ہے۔یہ وہ اہم کامیابی ہے جس کی ضرورت ایک عرصہ سے علماء اور ارباب مدارس محسوس کررہے تھے۔ادارہ معارف القرآن نے اکابر علماء، ممتاز ماہرین تعلیم اور مستند مدرسین کی مشاورت کی روشنی میں اس منصوبے پر کام کیا اور الحمدللہ اس میں کامیابی حاصل کی۔
خصوصیات شعبہ اسکول برائے طلبہ
المعارف(حفاظ)ہائی اسکول کے نام سے انگلش میڈیم رجسٹرڈ ریکگنائزڈ اسکول کی چند تعلیمی خصوصیات یہ ہیں:
• معیاری نصاب :انگریزی زبان کی تمام جہتوں پرعبور حاصل کرنے کے لئے ہرجماعت میں انگریزی ٹیکسٹ انگریزی گرائمر اور انگریزی لینگویج کے الگ الگ تین پیریڈ رکھے گئے۔نصاب کو بہتر بنانے انگریزی کے ماہرفن اساتذہ کی مشاورت سے آکسفورڈیونیورسٹی پریس کی کتابوں کو نصاب میں شامل کیاگیا۔
• انگریزی زبان کی تعلیم پر بھرپور توجہ : المعارف ہائی اسکول انگلش میڈیم اسکول ہے اسکول کی تعلیمی زبان انگریزی ہے، تعلیمی معیارکو بہتربنانے کے لئے "انگریزی زبان"پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے اس سلسلے میں ایسے ماہر اساتذہ کرام کا انتخاب کیاگیا جنہوں نے مستند اداروں سے انگریزی زبان کے باقاعدہ کورسز کئے ہیں۔انگریزی زبان کی کارکردگی دیکھنے کے لئے اکثر دیگراداروں کے ماہر اساتذہ سے بھی بچوں کا ٹیسٹ دلوایاجاتا ہے۔
• اردو زبان کی تعلیم پر بھرپور توجہ:جس طرح انگریزی زبان قابل توجہ ہے اسی طرح اردو زبان بھی پاکستانی طالب علم کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہےاس اہمیت کے پیش نظر ادارے نے اردوزبان سکھانے، کے لئے بھی غیرمعمولی اقدامات کئے ہیں چنانچہ کورس کی کتابوں کے علاوہ اردو املا اور مضمون نویسی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اردو لکھائی سکھانے کے لئے ایک مستقل خطاط کا انتظام کیاگیا ہے جس سے طلبہ کی تحریری صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔
• اسلامیات کی تعلیم پربھرپور توجہ:دیگرمضامین کی طرح اسلامیات کے مضمون پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔اسکولوں میں مروجہ اسلامیات کے ساتھ ساتھ طلبہ کو فقہ اسلامی کے اکثرمسائل سے متعارف کریاجاتاہے۔اس سلسلے میں ادارے نے اپنی کتابیں بھی مرتب کی ہیں جو اسکول کے مختلف مراحل میں پڑھائی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ طلبہ کو سیرت النبی اور اسلامی تاریخ جیسے موضوعات کی بھی خصوصی تعلیم دی جاتی ہے۔
• سائنس اور ریاضی کے مضامین پر بھرپور توجہ:سائنس اور ریاضی کے مضامین پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ان دونوں مضامین کے لئے ایسے ماہرفن اساتذہ کا انتخاب کیاگیا ہے جو کافی عرصے سے انہی مضامین کی تدریس وتعلیم میں مشغول ہیں۔
شعبہ اسکول میں داخلہ کا طریقہ کار
داخلے شوال المکرم کے مہینے کے شروع میں کئے جاتے ہیں۔والدین و سرپرست حضرات داخلہ فارم اور دیگر معلومات استقبالیہ سے حاصل کرسکتے ہیں۔حسب گنجائش مختلف درجات میں داخلہ کا شیڈول بناکر۱۵شعبان کو اعلان کیاجاتا ہے۔
ابتدائی جماعت میں داخلہ کے لئے صرف انٹرویو لیاجاتاہے جبکہ بالائی جماعتوں میں داخلے کے لئے انگریزی، ریاضی، سائنس کا باقاعدہ امتحان لیاجاتاہے۔اس کے علاوہ گنجا ئش کی صورت میں ہرمیقاتی امتحان کے موقع پرامیدوارکو امتحان میں شرکت کا موقع دے کرکامیابی کی صورت میں داخلہ دیاجاتا ہے جس کی تفصیلات ہر میقاتی امتحان سے ایک ماہ قبل دفتر تعلیمات سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
تعلیمی مراحل حفاظ اسکول برائے طلبہ
پری فیز(ابتدائیہ): یہ درجہ ان حفاظ طلبہ کے لئے ہے جنہوں نے باقاعدہ اسکول کی تعلیم حاصل نہ کی ہو اس درجہ میں داخلہ ماہ شوال میں ہوتا ہے۔اس کا نصاب خصوصی طورپر مرتب کیاگیا ہے جس میں طلبہ کو انگریزی لکھنے پڑھنے اور خصوصاً بات چیت پر مہارت حاصل کروائی جاتی ہے۔
فیز(1سال اوّل): اس درجہ کا تعلیمی دورانیہ ایک سال پر محیط ہے اس درجے میں پہلی دوسری اور تیسری جماعت کا نصاب ترتیب وار پڑھایاجاتاہے۔جبکہ حفاظ طلبہ کو دوپریڈ قرآن مجید کی گردان کرنے کے لئے بھی دئیے جاتے ہیں۔
فیز2(سال دوم): اس درجہ کا تعلیمی دورانیہ ایک سال پرمحیط ہے اس درجے میں چوتھی پانچویں اور چھٹی جماعت کا نصاب ترتیب وار پڑھایا جاتا ہے۔ جبکہ حفاظ طلبہ کو دوپیریڈ قرآن مجید کی گردان کرنے کے لئے بھی دیے جاتے ہیں۔
فیز3(سال سوم): اس درجہ کاتعلیمی دورانیہ ایک سال پرمحیط ہے اس درجے میں ساتویں اور آٹھویں جماعت کا نصاب ترتیب وار پڑھایا جاتا ہے۔ جبکہ دینی علوم میں عربی گرائمرکی ابتدائی کتابیں بھی پڑھائی جاتی ہیں۔
فیز4(سال چہارم): اس درجہ کا تعلیمی دورانیہ ایک سال پر محیط ہے اس درجے میں نویں جماعت کا بورڈ کا مقررہ نصاب پڑھایاجاتا ہے اور بورڈ کے تحت سالانہ امتحان منعقد ہوتا ہے جبکہ اس کے ساتھ درس نظامی کے درجہ اولٰی کامضمون علم الصرف بھی پڑھایا جاتا ہے۔
فیز5(سال پنجم): اس درجہ کا تعلیمی دورانیہ ایک سال پر محیط ہے اس درجے کو دسویں جماعت کا بورڈ کا مقررہ نصاب پڑھایاجاتا ہےاور بورڈ کے تحت سالانہ امتحان منعقد ہوتا ہے جبکہ اس کے ساتھ درس نظامی کے درجہ اولٰی کےمضامین علم النحو عربی انشاء اور فقہ اسلامی بھی پڑھائے جاتے ہیں۔
المعارف ہائی اسکول برائے طالبات
المعارف ہائی اسکول نے ابتدائی تعلیم کے لئے ایک ایسا پروگرام مرتب کیا ہے جو بچوں کو معاشرہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری انداز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بچوں کومضبوط تعلیمی بنیاد فراہم کی جاتی ہے جو ان کو روزمرہ کی چیزوں کو سمجھنےکے قابل بناتی ہے۔ جس میں اللہ تعالٰی کی وحدانیت کایقین اس کی رحمت رہنمائی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر عمل اس کابنیادی مقصد ہے۔
اسکول برائے طالبات:
بیشتر والدین کی طرف سے طالبات کے لئے علیحدہ تعلیمی ادارہ کے قیام کی ضرورت کا پرزور اظہار کیاجارہا تھا۔ باپردہ ماحول میں طالبات کے لئے باقاعدہ اسکول وقت کی اہم ضرورت تھی۔ المعارف ہائی اسکول اس ماحول کو فراہم کرنے پر نہایت مسرورہے۔ہمارا مقصد ایسی اسلامی شخصیت کی کردارسازی ہے جو اپنا طرززندگی قرآن اور اسوۂ رسول کے مطابق بناسکے۔
حفاظ پروگرام برائے طالبات:
اللہ تعالٰی کے فضل سے المعارف ہائی اسکول نے ایک ایسا منفرد اور جامع تعلیمی نظام ان تمام طالبات کے لئے تشکیل دیا ہے جنہوں نےحفظ قرآن کریم مکمل کرلیاہو۔اس پروگرام کے ذریعے ان کی تمام تربنیادی تعلیمی ضروریات کو پورا کیاجاتاہے۔ان کو انگریزی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ریاضی اور سائنس کے مضامین میں مہارت حاصل کرانے کے لئے انتظام کیاگیا ہے۔ اس پروگرام کےذریعے طالبات پانچ سال کے مختصر دورانئے میں میٹرک کی تعلیم مکمل کرتی ہیں۔
خصوصیات
فلسفہ: ادارے کے فلسفے کا ماخذ قرآن وسنت ہیں اور ادارہ ان ہی سےراہ نمائی حاصل کرتا ہے۔نیز ہمارا یقین ہے کہ بہترین تعلیمی نظام للہ رب العزت کے احکامات میں ان کی اتباع میں اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ میں ہے۔
مقاصد: اسکول کا مقصد معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیم کا رجحان پیداکرنا ہے۔ نیز ایسے افراد تیار کرنا ہے جو اسلام کو بنیاد اور ایک مکمل ضابطہ حیات سمجھیں اور اسی پر ان کا انحصار ہو۔ نیز ہمارا مقصد اساتذہ کو ایسا تعلیمی وتربیتی پروگرام فراہم کرنا ہے جس سےان کی پیشہ ورانہ اور روحانی صلاحیتوں کی نشوونما ہوسکے۔
ماحول: اسکول کی بلڈنگ بامقصد تعمیر کی گئی ہے اور الحمدللہ اسکول ایسی کئی خدمات کی فراہمی کررہا ہے جن کا اظہار اکثروالدین کی طرف سے کیاجاتارہا ہے۔اسکول طالبات کی تعلیم وتربیت کے ضمن میں خود کو نہایت سنجیدگی سے ذمہ دارمحسوس کرتا ہے اور اللہ رب العزت سےپرامید ہے کہ وہ اس اعتماد کو نبھانے میں ہمارا معاون ومددگار رہے گا۔المختصر اسکول کا ماحول ایک متوازن شخصیت کی تشکیل میں معاونت کرتا ہے جو سچی، ایماندار، انسان پرور ہو اور معاشرہ کی فلاح کے لئے کام کرنے والی۔
نصاب : ہمارا نصاب اسلامی ماحول میں تعلیم کی معراج کی تحصیل کی بنیاد پرمبنی ہے اور ہمارا تعلیمی پروگرام طلبہ کی مجموعی شخصیت کی تعمیرکی طرف گامزن ہے۔ تعلیمی نصاب کو طلبہ کے سامنے اسلامی نقطہ نظرکے ساتھ پیش کیاجاتاہےنیزبنیادی فقہی مسائل کی تعلیم کو بھی نصاب میں خصوصی اہمیت کے ساتھ شامل کیا گیاہے۔الحمدللہ ایک پرعزم ،منفرد اور مکمل شخصیت کی تشکیل میں ہمارا نصاب توازن فراہم کرتاہے۔




